مون سون بارشوں کے بعد دریائے راوی و ستلج میں پانی کی سطح بلند، سیلاب کا الرٹ جاری

مون سون بارشوں کے بعد دریائے راوی و ستلج میں پانی کی سطح بلند، سیلاب کا الرٹ جاری

مون سون کی موسلادھار بارشوں کے باعث پنجاب کے بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے، جس پر این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے نے سیلابی الرٹس جاری کر دیے ہیں۔

دریائے راوی
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 48 گھنٹوں کے لیے دریائے راوی پر درمیانے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کیا۔تھین ڈیم 1717 فٹ کی بلند سطح پر 86 فیصد تک بھر چکا ہے، جبکہ بھارتی نالوں سے آنے والے سیلابی ریلے کے باعث پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔پیر پنجال رینج کے نالوں (بین، بسنتر، ڈیک) میں آئندہ 24 گھنٹوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔کوٹ نیناں کے مقام پر حالیہ بہاؤ 64 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، آئندہ 24 گھنٹوں میں جسر کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔ڈیم سے اخراج کی صورت میں سیالکوٹ، نارووال، قصور اور گردونواح کے نشیبی علاقے متاثر ہوسکتے ہیں۔شہریوں کو دریاؤں، نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔این ڈی ایم اے نے ایمرجنسی سروسز اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔
دریائے ستلج
پی ڈی ایم اے پنجاب نے ہریکے کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے۔ستلج اور ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگا، متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز الرٹ رہنے کی ہدایات پر عمل کریں۔لاہور، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی، بہاولنگر، لودھراں، مظفرگڑھ کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز الرٹ رہیں گے۔
ہدایات
لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، آبپاشی، صحت، جنگلات، لائیو اسٹاک اور ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کیا گیا۔ریسکیو ٹیمیں حساس مقامات پر تعینات کی جائیں، مساجد اور مقامی سطح پر شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایات جاری کی جائیں۔
پانی کی آمد و اخراج
دریائے سندھ (تربیلا): آمد 2,28,300 کیوسک، اخراج 2,27,900 کیوسک
دریائے جہلم (منگلا): آمد 32,400 کیوسک، اخراج 7,800 کیوسک
چشمہ بیراج: آمد 2,13,000 کیوسک، اخراج 1,90,000 کیوسک
دریائے چناب (ہیڈ مرالہ): آمد 66,200 کیوسک، اخراج 38,300 کیوسک
دریائے کابل (نوشہرہ): آمد و اخراج 39,400 کیوسک
ریزروائر کا ذخیرہ
تربیلا: سطح 1549.20 فٹ، ذخیرہ 56,82,000 ایکڑ فٹ
منگلا: سطح 1219.40 فٹ، ذخیرہ 55,59,000 ایکڑ فٹ
چشمہ: سطح 648.00 فٹ، ذخیرہ 2,58,000 ایکڑ فٹ
قابل استعمال پانی کا مجموعی ذخیرہ تینوں ریزروائرز میں 1,14,99,000 ایکڑ فٹ ہے۔
این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو تمام ایمرجنسی الرٹس اور موبائل ایپس کے ذریعے ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔