ایبٹ آباد: لینڈ سلائیڈنگ سے پہاڑ کا ملبہ آبادی پر گر گیا، متعدد گھر متاثر

ایبٹ آباد: لینڈ سلائیڈنگ سے پہاڑ کا ملبہ آبادی پر گر گیا، متعدد گھر متاثر

ایبٹ آباد کے علاقے منو گلی میں شدید لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں پہاڑ کا بڑا حصہ ٹوٹ کر آبادی پر آن گرا۔

مقامی ذرائع کے مطابق ملبہ گرنے سے متعدد گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے، کئی گھروں کی چھتوں اور دیواروں میں بڑی دراڑیں پڑ گئی ہیں جبکہ کچھ مکانات جزوی طور پر زمین بوس بھی ہوئے ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق خوش قسمتی سے تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کر رہے ہیں۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث مزید لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے جس سے بڑی آبادی متاثر ہو سکتی ہے۔

انتظامیہ نے علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور مقامی پولیس، ریسکیو 1122 اور محکمہ متعلقہ عملہ جائے وقوعہ پر موجود ہے۔ متاثرہ گھروں کے مکینوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ بھاری مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے باوجود بروقت حفاظتی اقدامات نہ اٹھانے سے نقصان میں اضافہ ہوا ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد اور رہائش فراہم کی جائے تاکہ وہ مزید مشکلات سے بچ سکیں۔