90ارب کے بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے،چوہدری شافع حسین

 وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس سکیم کے پہلے مرحلے کی کامیابی، جلد دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگا
پنجاب کی 23سمال انڈسٹریل سٹیٹس کی اپ گریڈیشن پروگرام اکتوبر میں شروع ہوگا،صوبائی وزیر
لاہور (کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہاؤس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب  سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر  اعلیٰ آسان کاروبار فنانس سکیم کے پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد  جلد دوسرے مرحلے کا آغاز کیا جارہا ہے۔دوسرے مرحلے میں وزیر اعلیٰ آسان کاروبار فنانس اقدام کے تحت بلاسود قرضے کی 4 سکیمیں شروع کی جارہی ہیں ان  سکیموں کے تحت 90 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے اور ان قرضوں کے اجراء  سے 5523 کاروباروں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب  کی 23 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کی آپ گریڈیشن اور عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی کا بڑا پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ماہ  اکتوبر میں  شروع ہونے والے سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کی آپ گریڈیشن کے پروگرام پر2750 ملین روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔ سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے گا اور بھرپور شجرکاری کی جائے گی۔پروگرام  کے تحت سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں گرین بیلٹس اور صنعتی انفراسٹرکچر کو مزید بہتر کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہینڈی کرافٹس کی مناسب مارکیٹنگ اور تشہیر سے قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے صوبائی وزیر کو بتایا گیا ہے کہ گندھارا آرٹیزن ویلج ٹیکسلا کی آپ گریڈیشن کی گئی ہے۔ اجلاس   میں پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ڈائریکٹرز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔