قرضوں کا 80 فیصد حصہ کسانوں نے کھادوں کی خریداری پر خرچ کیا،ریکوری کی شرح 99 فیصد رہی
پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 50 ہزار ٹریکٹرز کسانوں میں تقسیم کیے جائیں گے: وزیراعلیٰ مریم نواز
لاہور(خصوصی رپورٹ)مریم نواز کی زیر صدارت محکمہ زراعت کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کسان کارڈ، زرعی میکنائزیشن اور کسانوں کی فلاح سے متعلق مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں اب تک 9 لاکھ کسان کارڈ جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ کسانوں کو 360 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے گئے ہیں۔ بریفنگ کے مطابق وزیراعلیٰ کسان کارڈ کے تحت جاری کیے گئے قرضوں کی ریکوری کی شرح 99 فیصد رہی، جبکہ قرضوں کا 80 فیصد حصہ کسانوں نے کھادوں کی خریداری پر خرچ کیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں تین مراحل کے دوران 34 ہزار گرین ٹریکٹرز تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تین سال کے دوران 50 ہزار ٹریکٹرز کسانوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریکٹروں کی تقسیم کے پورے عمل کو انسانی مداخلت سے پاک کرتے ہوئے مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے، جبکہ حکومت نئے فیلڈ سروے کے ذریعے 12 ہزار 650 ٹریکٹروں کی جسمانی تصدیق بھی مکمل کر چکی ہے۔