وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اس سال عرس کے حوالے سے پہلے سے بڑھ کر انتظامات کئے گئے ہیں
لاہور(سپیشل رپورٹر)صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین نے کہاہے کہ حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کا آستانہ سب سے بڑا روحانی مرکز ہے جہاں دنیا بھر سے عقیدت مند حاضری کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ نے قرآن کی تعلیمات کی ترویج کیلئے بھرپور کردار ادا کیا۔حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے 982 ویں سالانہ عرس کی تقریبات13 سے 15 اگست تک لاہورمیں ہوں گی۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین نے ڈی جی پی آر آفس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اس سال حضرت داتا گنج بخش ؒکے عرس کے حوالے سے پہلے سے بڑھ کر انتظامات کئے گئے ہیں اور زائرین کو بہتر ین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے انہوں نے بتایا کہ دربار کی توسیع کا منصوبہ اس سال مکمل ہوگا۔ جس میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا بڑا کردار ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر زائرین کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ ۔ صوبائی وزیراوقاف چوہدری شافع حسین نے کہاکہ ایک جماعت کے پی کے میں کئی سالوں سے برس اقتدار ہے لیکن وہاں ایک بھی جنرل ہسپتال نہیں بناسکی۔پنجاب کی میٹرو بس کو مہنگا منصوبہ کہنے والوں نے اپنے صوبے میں اس منصوبے پر پنجاب سے کہیں زیادہ وسائل خرچ کردئیے۔سیاست دانوں کو ایسی بات نہیں کرنی چاہیے جس پر عمل نہ کرسکیں۔صوبائی سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہاکہ حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کی تصنیفِ کشف المحجوب کے ہزار سال مکمل ہونے پر دنیا بھر میں سیمینار ہورہے ہیں،کشف المحجوب کی ہزار سالہ تقریبات کے حوالے سے حکومت کی جانب سے سپیشل گرانٹ کی فراہمی پر مشکور ہیں۔ ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہاکہ محکمہ اوقاف کی گزشتہ تین سال کے دوران ریکارڈ آمدن ہوئی ہے۔ڈی جی مذہبی امور،ایڈمنسٹریٹر داتا دربار اور محکمہ اوقاف کے دیگر افسران بھی پریس کانفرنس میں موجود تھے۔