وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین پاکستان کبڈی فیڈریشن کے بلا مقابلہ صدر منتخب
کبڈی ٹیموں کا انتخاب میرٹ ، ڈوپ ٹیسٹ باقاعدگی سے کریں: چوہدری شافع حسین
چوہدری ظہور الٰہی شہید اور چوہدری شجاعت نے کبڈی کے فروغ کیلئے کلیدی کردار ادا کیا
لاہور(خصوصی رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پاکستان کبڈی فیڈریشن کی الیکٹو جنرل کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔مقامی ہوٹل میں منعقدہ اجلاس میں 5 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔جنرل کونسل کے گزشتہ اجلاس کے منٹس کی توثیق کی گئی جبکہ آئندہ 4 سال کیلئے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے عہدیداران کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین پاکستان کبڈی فیڈریشن کے بلا مقابلہ چیئرمین جبکہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین پاکستان کبڈی فیڈریشن کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہوئے۔کرنل نبیل احمد رانا، کلیم اللہ اور محمد اصغر نائب صدور جبکہ محمد سرور رانا سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے۔محمد اختر عباس خواجہ ایسوسی ایٹ سیکرٹری رانا امجد اقبال جوائنٹ سیکرٹری اور سہیل احمد خان خزانچی منتخب ہوئے۔سلطان سید علی شاہ،محترمہ حمیرا لطیف۔محترمہ فائزہ بتول،محترمہ فریحہ شبیر اور صبا ناز ایگزیکٹو ممبران منتخب ہوئے۔پاکستان کبڈی فیڈریشن کے تمام عہدیداران بلامقابلہ منتخب ہوئے۔انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن اور ایشین کبڈی فیڈریشن کے نمائندے بطور آبزرور اجلاس میں شریک ہوئے۔ چوہدری شافع حسین نے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ کبڈی ہمارا روایتی کھیل ہے جو بے حد مقبول ہے،میں 8 سال تک پاکستان کبڈی فیڈریشن کا صدر رہا جو میرے لئے باعث اعزاز ہے۔چوہدری ظہور الٰہی شہید اور چوہدری شجاعت حسین نے روایتی کھیل کبڈی کے فروغ کیلئے کلیدی کردار ادا کیا۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ سال 2020 میں پاکستان نے پہلی بار بھارت کو شکست دے کر کبڈی کا ورلڈ کپ جیتا۔پاکستان کی کبڈی ٹیم نے 2020 کے کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت کی کبڈی ٹیم کو ہرایا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کبڈی ٹاکرا اور کبڈی کے دیگر بہت سے ایونٹ کا کامیاب انعقاد کرایا۔ کبڈی کا اگلا ورلڈ کپ ملائیشیا میں کرایا جائے گا۔ورلڈ کپ کے علاوہ کبڈی کے دیگر ایونٹس کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔کرکٹ کی طرز پر کبڈی کے لیگ میچز بھی کروائے جائیں گے۔چین اور ترکیہ کی کبڈی ٹیموں کے پاکستان میں میچز کرانے کیلئے بات چیت کی گئی ہے۔چیئرمین پاکستان کبڈی فیڈریشن چوہدری شافع حسین نے کہاکہ تمام محکمے اپنی کبڈی ٹیموں کا انتخاب میرٹ پر کریں اور کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ باقاعدگی سے کئے جائیں۔