لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی ‘کہیں موسلادھار بارش،نشیبی علاقے زیر آب
لاہور(آئی این پی)لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش ہوئی۔کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی، نارووال، سیالکوٹ، کھاریاں، پسروراور دیگر علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، نشیبی علاقے زیر آب آگئے، فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی بند ہوگئی۔گجرات میں 456 ملی میٹر بارش سے نظام زندگی مفلوج ہو کررہ گیا‘شہر کی سٹرکیں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئیں،بارش کا پانی سرکاری دفاتر سمیت گھروں میں داخل ہوگیا۔کورٹ روڈ،سرگودہا روڈ،کچہری چوک،بھمبھر روڈ،رحمن شہید روڈ اور شادمان غریب پورہ سمیت اندورنِ شہر تین تین فٹ پانی جمع ہوگیا،بارش کا پانی مساجد اورگھروں میں داخل ہو گیا، شہری گھروں سے نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔