لاہور:ایک ہی اسپیل میں 263 ملی میٹر بارش، سیلابی صورتحال

 لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) شہر میں آج ایک ہی اسپیل کے دوران 263 ملی میٹر بارش ہوئی جس نے ہر طرف پانی ہی پانی کر دیا۔سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے سے ٹریفک کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کئی موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں پانی میں بند ہو گئیں جبکہ ڈیفنس کیعلاقیمیں کشتیاں چل گئیں۔ترجمان واسا کیمطابق لاہور ائیر پورٹ کے علاقے میں سب سے زیادہ 263 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، تاجپورہ میں157.4،کاہنہ میں 143، شادی پورہ میں 136، مغل پورہ میں133، مال روڈ پر116، مناواں میں 112.2، جوہرٹاؤن میں 81 اور چوک ناخدا میں 64.6ملی میٹر بارش ہوئی۔آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارشوں کے سبب خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس حوالے سے انتباہ جاری کردیا جس میں کہا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان کے مقامی/ بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ساہیوال، خانیوال، ملتان اور فیصل آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔موسلادھار بارش، تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور تعمیرات (سولر پینلز، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔