کرپشن ختم کرنے کیلئے ڈیجیٹل لین دین ضروری شہبازشریف
ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کمیٹی اور گورنمنٹ پیمنٹس کمیٹی بھی قائم کی جائے جو جلد اپنی سفارشات پیش کرے گی‘سرکاری اور نجی شعبوں کے مابین لین دین کو کیش لیس بنایا جائے:وزیراعظم کی اجلاس میں ہدایات
پاور سمارٹ موبائل ایپ جلد متعارف کرائی جائے، جس میں قومی زبان اردو کے ساتھ چار علاقائی زبانوں پنجابی، سندھی، پشتو اور بلوچی میں رہنمائی موجود ہو تاکہ عام شہری بھی آسانی سے استعمال کر سکیں:شہبازشریف
اسلام آباد (آئی این پی ) وزیراعظم شہبازشریف نے سرکاری و نجی شعبوں کے درمیان مالی لین دین کو کیش لیس بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت میں شفافیت لانے اور کرپشن کے خاتمے کے لیے ڈیجیٹل لین دین کا موثر نظام قائم کرنا ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کیش لیس اکانومی کے قیام سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں ڈیجیٹل مالیاتی نظام کو فروغ دینے اور معیشت میں شفافیت لانے کے لیے مختلف کمیٹیوں کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا وزیراعظم نے اجلاس کے دوران ڈیجیٹل پیمنٹس انوویشن اینڈ ایڈوپشن کمیٹی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کمیٹی اور گورنمنٹ پیمنٹس کمیٹی بھی قائم کی جائے جو جلد اپنی سفارشات پیش کرے گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کامیاب معیشتوں میں کیش لیس نظام کو ترجیح دی جا رہی ہے، ہمیں بھی معیشت میں شفافیت لانے اور کرپشن کے خاتمے کے لیے ڈیجیٹل لین دین کا موثر نظام قائم کرنا ہوگا۔اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ فی الحال راست سسٹم سے 4 کروڑ صارفین مستفید ہو رہے ہیں اور وفاقی حکومت کے تمام مالیاتی لین دین راست نظام کے تحت کیے جا رہے ہیں۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کمیٹی کی قیادت وفاقی وزارت آئی ٹی کرے گی اور فنٹیک اس مالیاتی ایکو سسٹم کی ایک اہم کڑی ہے۔وزیراعظم نے زور دیا کہ ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے نجی شعبے، مالیاتی ادارے اور حکومت مل کر جامع اقدامات کریں تاکہ پاکستان جلد کیش لیس معیشت کی جانب کامیابی سے بڑھ سکے۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے میٹر ریڈرز کا کردار ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق اس مقصد کے لیے نئی ڈیجیٹل ایپ اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ جلد متعارف کرائی جائے گی، جس کے ذریعے صارفین خود اپنی بجلی کی ریڈنگ اپ لوڈ کر سکیں گے، یہ نظام کے الیکٹرک کے دائرہ اختیار کے علاوہ پورے ملک میں نافذ کیا جائے گا۔۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں اس مسئلے پر غور کیا گیا، جس میں میٹر ریڈرز کے کردار کو ختم کرنے اور بلنگ کے عمل کو خودکار بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم نے پاور ڈویژن کو ہدایت دی پاور سمارٹ موبائل ایپ جلد از جلد متعارف کرائی جائے، جس میں قومی زبان اردو کے ساتھ چار علاقائی زبانوں پنجابی، سندھی، پشتو اور بلوچی میں رہنمائی موجود ہو تاکہ عام عوام بھی آسانی سے استعمال کر سکیں۔پاور ڈویژن کو کہا گیا ہے کہ وہ ایپ کا سافٹ لانچ فوری طور پر کرے تاکہ کسی بھی ابتدائی تکنیکی مسائل کو حل کیا جا سکے اور مکمل قومی سطح پر آغاز سے پہلے ایپ کو مکمل فعال اور مستحکم بنایا جا سکے۔وزیراعظم نے پاور ڈویژن کو ایک ماہ کی مہلت دی ہے کہ وہ میٹر ریڈرز کے مرحلہ وار خاتمے کا جامع منصوبہ تیار کرے