لاہور(کرائم رپورٹر) موٹروے ایم 5 پر روہڑی کے قریب پیش آنے والے حادثے میں شہید پٹرولنگ آفیسر ناصر شہزاد کی نماز جنازہ بہاولپور میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت ہوا جب ایک ٹویوٹا ڈبل کیبن نے پٹرولنگ موبائل کو ٹکر ماری جس سے آفیسر ناصر شہزاد شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔ نماز جنازہ میں ایڈیشنل آئی جی موٹروے پولیس سعد اختر بھروانہ، ڈی آئی جی دار علی خٹک، سیکٹر کمانڈر فیصل اکرم، غلام قادر سندھو، غلام عباس، آر پی او و ڈی پی او بہاولپور سمیت افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ موٹروے پولیس کی قیادت نے شہید آفیسر کی قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔