سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا،بھارتی کرکٹ ٹیم بازو پر سیاہ پٹی باندھ کر میلبورن کے میدان میں اتری
نئی دہلی (آئی این پی )بھارت نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کے انتقال پر 7روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کردیا جب کہ ان کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 2004سے 2014تک وزیر اعظم رہنے والے منموہن سنگھ گذشتہ روز نئی دہلی کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئے، ان کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔بھارتی حکومت نے ایک بیان میں کہا کہ منمومن سنگھ کے احترام کے طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پورے بھارت میں 7روزہ سرکاری سوگ منایا جائے گا، سوگ یکم جنوری تک جاری رہے گا۔بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ اس کے علاوہ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسومات ریاستی اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی، ملک بھر کی سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔دوسری جانب بھارت کی کرکٹ ٹیم چوتھے ٹیسٹ میں میزبان آسٹریلیا کے خلاف منموہن سنگھ کے احترام میں بازو پر سیاہ پٹی باندھ کر میلبورن کے میدان میں اتری۔