لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) غازی صلاح الدین نے کول فائرڈ پاور پلانٹ کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر میجر طلحہ نے ڈی آئی جی کو سکیورٹی امور پر بریفنگ دی اور کنٹرول روم کا معائنہ کروایا۔ ڈی آئی جی نے پاک فوج اور ایس پی یو کے باہمی تعاون کو سراہتے ہوئے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے جوانوں سے ملاقات کے دوران ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے احکامات دیے اور اہلکاروں کی بیرکس، میس اور دفاتر کا معائنہ کیا۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ اہلکاروں کو معیاری خوراک، بہترین رہائش اور تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ وہ مزید جانفشانی سے اپنے فرائض ادا کر سکیں۔ڈی آئی جی غازی صلاح الدین کے مطابق چینی شہریوں اور اہم منصوبوں کی حفاظت ایس پی یو کے جوان ایمانداری اور مستعدی سے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک، نان سی پیک اور دیگر قومی منصوبوں کے تحفظ میں ایس پی یو کا کردار مثالی ہے۔ ڈی آئی جی نے شفاف لیو پلان تشکیل دینے کا حکم دیا تاکہ ہر اہلکار کو بروقت چھٹی مل سکے اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔