سیف سٹیز اتھارٹی ، اب تک 430 سے زائد بچے بازیاب کراچکی

لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں قائم ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی نے گمشدہ بچوں اور خصوصی افراد کو بحفاظت ان کے گھروں تک پہنچا دیا۔ تفصیلات کے مطابق فلاحی اداروں کا ڈیٹا ’میرا پیارا‘ ڈیٹا بیس کے ساتھ منسلک کرنے کے نتیجے میں اب تک 430 سے زائد گمشدہ بچے، خصوصی افراد اور لاوارث شہری اپنے اہلخانہ اور سرپرستوں کے حوالے کئے گئے ہیں۔ یہ افراد طویل عرصے سے مختلف فلاحی اداروں اور شیلٹر ہومز میں مقیم تھے۔ سیف سٹی کی میرا پیارا ٹیم نے صوبہ بھر کے ایدھی سنٹرز، چائلڈ پروٹیکشن بیوروز اور دیگر فلاحی اداروں کا دورہ کر کے گمشدہ افراد کے انٹرویوز اور ویڈیوز تیار کیں۔ ان ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر مخصوص علاقوں میں چلایا گیا جس کے نتیجے میں اہلخانہ نے اپنے پیاروں کو پہچان کر فوری طور پر سیف سٹی ٹیم سے رابطہ کیا۔ شناخت اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد یہ افراد والدین اور سرپرستوں کے سپرد کر دیے گئے۔ اب تک مختلف فلاحی اداروں کے 1400 سے زائد لاوارث اور گمشدہ افراد کا مکمل ریکارڈ ’میرا پیارا‘ سسٹم میں شامل کیا جا چکا ہے۔ اس جدید نظام میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے فیشل ریکاگنیشن اور ڈیٹا میچنگ جیسی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جن کی بدولت گمشدہ افراد کی شناخت ممکن ہو رہی ہے ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق میرا پیارا ٹیم دن رات کوششوں کے ذریعے گمشدہ اور لاوارث بچوں کو تلاش کر کے ان کے والدین اور سرپرستوں کے سپرد کر رہی ہے۔ اگر کسی شہری کو کوئی گمشدہ یا لاوارث بچہ یا شخص ملے تو فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کریں اور نمبر 3 ڈائل کر کے اطلاع دیں۔