حماس کا امن پلان پر باوقار مؤقف قابلِ تحسین ہے، حافظ نعیم الرحمان

حماس کا امن پلان پر باوقار مؤقف قابلِ تحسین ہے، حافظ نعیم الرحمان

امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے فلسطینی تنظیم حماس کے مجوزہ امن پلان پر ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تحریکِ مزاحمت حماس نے غیر معمولی ذمہ داری اور سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حماس کا موقف فلسطینی عوام کی امنگوں اور عزتِ نفس کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماس کی جانب سے عارضی نہیں بلکہ مستقل جنگ بندی کے مطالبے کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے پر آمادگی ظاہر کرنا ایک عمدہ اور حقیقت پسندانہ رویہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کا مکمل انخلا اور فلسطینی ٹیکنوکریٹس پر مشتمل سیٹ اپ کا مطالبہ بالکل جائز اور اصولی مؤقف ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حماس نے اپنے بیان میں غیر ضروری سیاسی نکتہ چینیوں سے اجتناب کرتے ہوئے ایک مثبت اور تعمیری پیغام دیا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک کو حماس کے موقف کی کھل کر حمایت کرنی چاہیے تاکہ فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کی جدوجہد کو تقویت ملے۔