امیرِ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ افواجِ پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر حکومت اور فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام کا واقعہ ایک فالس فلیگ آپریشن تھا اور بھارت نے ابھی تک اس کی تحقیقات نہیں کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھارت ایسے واقعات خود کرتا آیا ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ بھارت نے مسجدوں پر حملہ کیا اور ہمارے بچوں کو شہید کیا، جیسے اسرائیل بچوں کو مارتا ہے، بھارت بھی اسی طرح کے اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو ایک اعتماد حاصل ہوا ہے اور اب ہمیں بیدار رہنا چاہیے۔
وزیراعظم کی کال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے انہیں فون کیا اور انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر ٹرمپ یا کوئی وزیرِ خارجہ فون کرے، تو ہمیں تین اہم مطالبات رکھنا ہوں گے: سندھ طاس معاہدے کی بحالی، کشمیر مسئلے پر بات چیت اور بھارت سے معافی کی درخواست۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو مسجدوں اور بچوں پر حملوں پر معافی مانگنی چاہیے، اور جو جنگ ہم میدان میں جیت رہے ہیں، وہ ٹیبل پر ہارنی نہیں چاہیے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ چین ہمارا دوست ہے اور یہ دوستی عزت و وقار کے ساتھ ہونی چاہیے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان ہر کام میں رضاکارانہ طور پر شریک ہونے کے لیے تیار ہیں۔