وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں مذاکراتی عمل کی کامیابی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سازشیں اور افواہیں آخر کار دم توڑ گئیں۔
وزیراعظم نے مذاکراتی کمیٹی کے ارکان کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ امن کا قیام اور حالات کا معمول پر آنا خوش آئند ہے۔اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ"تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل ہوئے، حکومت کشمیری بھائیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔"انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مفاد اور امن حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ"افواہوں پر کان نہ دھریں، ہم پہلے بھی کشمیری بہن بھائیوں کے حقوق کے محافظ تھے اور آئندہ بھی رہیں گے۔"یاد رہے کہ آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔
کمیٹی نے عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں سے کئی نشستوں میں بات چیت کی، جس کے نتیجے میں رات گئے فریقین کے درمیان تحریری معاہدہ طے پایا۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس پیش رفت کو آزاد کشمیر، پاکستان اور جمہوریت کی فتح قرار دیا، جبکہ عوامی ایکشن کمیٹی نے معاملات کے حل میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ"یہ ہمارا اندرونی معاملہ تھا جسے ہم نے بہترین انداز میں حل کیا، کسی دوسرے ملک کو اپنے معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔"