ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ: جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں آوارہ کتوں کا راج، غیر ملکی کوچز پر حملے

ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ: جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں آوارہ کتوں کا راج، غیر ملکی کوچز پر حملے

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں جاری ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے دوران آوارہ کتوں کے حملوں نے بین الاقوامی سطح پر منتظمین کی کارکردگی پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق، ایونٹ کے دوران دو غیر ملکی کوچز آوارہ کتوں کے حملوں کا نشانہ بنے۔ کینیا کے کوچ ڈینیس موانزو اور جاپان کے اسسٹنٹ کوچ میکو اوتوماستو پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ اسٹیڈیم کے احاطے میں موجود تھے۔ دونوں کوچز کو کتے کے کاٹنے سے چوٹیں آئیں اور انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق، یہ واقعہ چیمپئن شپ کے آغاز سے اب تک کتوں کے حملوں کا پانچواں واقعہ ہے۔ اس سے قبل بھی ایک سیکیورٹی گارڈ اور دو بھارتی شہری آوارہ کتوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔ حیران کن طور پر تین حملے صرف 30 منٹ کے اندر پیش آئے۔

عینی شاہدین کے مطابق، کینیا کے کوچ کو کاٹنے کے بعد ان کی ٹانگ سے خون بہنے لگا، جس سے ایونٹ کے شرکاء میں خوف و ہراس پھیل گیا۔بین الاقوامی ٹیموں اور سوشل میڈیا صارفین نے منتظمین کی غفلت پر شدید تنقید کی ہے، جبکہ کئی نے سوال اٹھایا ہے کہ اتنے بڑے عالمی ایونٹ کے دوران سیکیورٹی اور صفائی کے انتظامات اس قدر ناقص کیوں ہیں۔واضح رہے کہ ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے مقابلے جواہر لال نہرو اسٹیڈیم، نئی دہلی میں جاری ہیں۔