امریکا میں کتوں کی سالانہ ورلڈ ڈاگ سرفنگ چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں مختلف نسلوں کے کتوں نے سمندری لہروں پر سرفنگ کے شاندار مظاہرے کرکے شائقین کو حیران کر دیا۔
شمالی کیلیفورنیا کے ساحل پر منعقد ہونے والے اس منفرد مقابلے میں چھوٹے اسپینیلز سے لے کر بڑے لیبراڈور کتوں تک نے حصہ لیا۔ سینکڑوں افراد اپنے پسندیدہ سرفنگ ڈاگز کو دیکھنے کے لیے ساحل پر موجود رہے۔مقابلے کے دوران ججز نے کتوں کی کارکردگی کا جائزہ اس بنیاد پر لیا کہ وہ کتنی دیر تک سرف بورڈ پر توازن برقرار رکھتے ہیں، لہروں کا سائز کتنا ہے اور وہ کتنے اعتماد کے ساتھ سرفنگ کرتے ہیں۔اپنے دسویں سال میں داخل ہونے والا یہ ایونٹ سان فرانسسکو سے تقریباً 22 کلومیٹر جنوب میں واقع پیسیفیکا کے ساحل پر منعقد کیا گیا۔ مقابلے کے ساتھ ساتھ پالتو جانوروں کو گود لینے کی مہم اور مقامی فلاحی اداروں کے لیے فنڈ ریزنگ کا اہتمام بھی کیا گیا۔رنگ برنگی لائف جیکٹس پہنے کتوں کو ان کے انسانی ساتھی سرف بورڈ پر لہروں تک لے گئے، جہاں انہوں نے کامیابی سے ساحل تک سرفنگ کی۔ ہر کامیاب سواری پر تماشائیوں نے تالیاں بجا کر کتوں کی حوصلہ افزائی کی۔