بھارت کی ریاست دہلی کی خاتون وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا پر حملے کی تازہ تفصیلات سامنے آئیں، جس میں معلوم ہوا کہ حملہ آور کا مقصد دہلی حکومت کی بے گھر کتوں کے خلاف پالیسی کے خلاف احتجاج تھا۔
واقعہ صبح دہلی کے چیف منسٹر ہاؤس میں پیش آیا، جب ریکھا گپتا عوام سے خطاب کر رہی تھیں۔ حملہ آور نے وزیر اعلیٰ کو تھپڑ مارا، دھکا دیا اور بال پکڑ کر کھینچے۔حملہ کرنے والا راجکوٹ، گجرات کا 41 سالہ شہری ہے، جو مویشیوں اور کتوں سے محبت کرتا ہے۔ اس کی ماں کے مطابق، وہ سپریم کورٹ کے آوارہ کتوں کو پناہ گاہ میں منتقل کرنے کے فیصلے سے مایوس ہو کر دہلی گیا تھا۔ ملزم رکشہ ڈرائیور ہے اور ذہنی طور پر غیر مستحکم بتایا گیا ہے۔ پولیس نے اسے حراست میں لے کر پوچھ تاچھ شروع کر دی ہے۔سپریم کورٹ نے دہلی کی ریاستی حکومت کو حکم دیا تھا کہ شہر اور مضافاتی علاقوں کے آوارہ کتوں کو پکڑ کر پناہ گاہوں میں منتقل کیا جائے۔ عدالت نے آٹھ ہفتے کے اندر اس کام کی تکمیل کا وقت دیا تھا، اور ہر پناہ گاہ میں نس بندی، ویکسینیشن اور سی سی ٹی وی کیمروں کا انتظام کرنے کا حکم دیا گیا۔اعداد و شمار کے مطابق، بھارت میں آوارہ کتوں کی تعداد لاکھوں میں ہے اور ریبیز کے کیسز میں دنیا کی 36 فیصد اموات بھارت میں ہوتی ہیں۔ 2024 میں ملک بھر میں کتوں کے کاٹنے کے 3.7 ملین کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ ریبیز سے 54 اموات ہوئیں۔