نوسر باز خواتین نے پینشنر خاتون کو بیہوش کر کے لوٹ لیا

رابی بیگم کودوخواتین نے چاول چیک کروانے کے بہانے لوٹا،متاثرہ خاتون ہسپتال منتقل 
شکرگڑھ (خصوصی رپورٹ) نوسر باز خواتین نے نیشنل بینک سے پینشن لینے والی ادھیڑ عمر خاتون کو بے ہوش کر کے نقدی اور شناختی کارڈ چھین لیا۔ ذرائع کے مطابق رانی بیگم زوجہ محمد یونس نیشنل بینک سے تین ماہ کی پنشن لے کر گھر جا رہی تھیں کہ دو نامعلوم خواتین نے ان کا پیچھا شروع کر دیا۔ اللہ ہو چوک کے قریب خواتین نے بہانے سے کہا کہ ہمارے گھر شادی ہے، یہ چاول چیک کریں۔ جیسے ہی رانی بیگم نے چاولوں کی خوشبو سونگھی تو وہ بے ہوش ہو گئیں۔ ملزم خواتین موقع سے 50 ہزار روپے نقدی اور شناختی کارڈ لے کر فرار ہو گئیں۔ اہل علاقہ نے متاثرہ خاتون کو بے ہوشی کی حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال شکرگڑھ منتقل کیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔