بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں بھارتی پشت پناہی اور سرپرستی سے انجام دی گئی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی یکم نومبر کی رات عمل میں لائی گئی، جب دہشت گردوں کی موجودگی کی معلومات پر مبنی انٹیلیجنس آپریشن کیا گیا۔آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں یہ چاروں دہشت گرد مارے گئے۔ یہ دہشت گرد مختلف تخریبی اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے، اور ان کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم کو پوری قوت سے جاری رکھے ہوئے ہیں، اور ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ مہم جاری رہے گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے اس کارروائی کو قومی سلامتی کے لیے اہم کامیابی قرار دیا اور دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کو شدت سے سراہا۔وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے خلاف جنگ جاری رہے گی، اور قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ محسن نقوی نے بھی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کا عبرتناک انجام واضح پیغام ہے کہ پاکستان میں اس فتنے کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔