گھریلو ملازمہ پر تشدد، بال کاٹ دئیے

 ڈیفنس سی میں میاں بیوی نے مل کر ڈنڈوں سے مارا:متاثرہ لڑکی کا ویڈیو بیان ، 2ملزم گرفتار
متاثرہ لڑکی جڑانوالہ فیصل آباد کی رہائشی، بازو، آنکھ اور کان متاثر ،مالکہ کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل 
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈیفنس سی فیز 6 میں گھریلو ملازمہ پر تشدد کرنے والے دو افراد گرفتار جبکہ خاتون مالکہ فرار ہو گئی۔پولیس کے مطابق ڈیفنس سی میں گھریلو ملازمہ کو کام ٹھیک نہ کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، متاثرہ لڑکی نے اپنے ویڈیو بیان میں الزام لگایا کہ گھر پر موجود خاتون اور ان کے خاوند نے مل کر اس پر تشدد کیا، اسے ڈنڈوں سے مارا گیا اور سر کے بال بھی کاٹے دیئے گئے۔ملازمہ کے اہل خانہ کے مطابق تشدد سے لڑکی کے بازو، آنکھ اور کان متاثر ہوئے جبکہ سر کے پچھلے حصہ پر بھی تشدد کے نشان پائے گئے ہیں، متاثرہ لڑکی جڑانوالہ فیصل آباد کی رہائشی ہے، تھانہ ڈیفنس سی پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے گھر کے مالک وقار اور اسد کو گرفتار کر لیا ہے۔ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ اقرا نامی خاتون کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیم تشکیل دیدی، ملزمہ جلد پولیس کی حراست میں ہو گی، انہوں نے کہا کہ خواتین و بچوں پر تشدد کرنے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔