محمد سرفرا ز نے بیٹی حرا کو عمرمیکن کیساتھ ملازمت کیلئے بھیجا،4ماہ ملاقات نہ رابطہ
کرنٹ لگاتے رہے، بھوکا رکھا ،ڈاکٹر عمر،فاطمہ کی دھمکیاں ،مقدمہ درج کر لیا گیا
سرگودھا (خصوصی رپورٹ)سرگودھا کی رہائشی 15 سالہ لڑکی کو لاہور میں گھریلو ملازمت کے دوران مبینہ طور پر ایک ڈاکٹر اور اس کی اہلیہ نے تشدد کا نشانہ بنایا، کرنٹ لگایا اور سر کے بال کاٹ دئیے۔تفصیلات کے مطابق ماڑی لک کے رہائشی محمد سرفراز نے الزام عائد کیا ہے کہ پانچ ماہ قبل قصبہ ماڑی کا رہائشی عمر میکن اس کی بیٹی حرا کو اپنی بہن کے گھر کام پر رکھنے کے لیے لاہور لے گیا۔ عمر میکن علاقہ کی بااثر شخصیت ہے، اس وجہ سے سرفراز نے اپنی بیٹی کو اس کے ہمراہ بھیج دیا۔محمد سرفراز کے مطابق جب وہ بیٹی سے ملنے لاہور گیا تو جو ایڈریس بتایا گیا تھا وہ غلط نکلا۔ پانچ ماہ تک نہ تو بیٹی سے بات کروائی گئی اور نہ ہی ملاقات ہو سکی۔ بعدازاں درست پتا معلوم ہونے پر لاہور پہنچا تو اس کی بیٹی اسے واپس کر دی گئی۔سرفراز کا کہنا ہے کہ عمر میکن کی بہن فاطمہ اور ان کے شوہر ڈاکٹر عمر نے دھمکی دی کہ اگر ان کے خلاف بات کی تو وہ لاہور میں اسے گرفتار کروا دیں گے۔ متاثرہ لڑکی حرا نے الزام لگایا کہ ڈاکٹر اور ان کی اہلیہ اسے چھوٹی چھوٹی غلطیوں پر مارپیٹ کرتے، کرنٹ لگاتے اور بھوکا رکھتے تھے۔اطلاع ملنے پر تھانہ جھال چکیاں پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔