وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر عام آدمی کو سستے داموں اشیائے خور و نوش کی فراہمی یقینی بنائیں، رمضان المبارک میں چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے کنٹرول کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،وزیراعظم کی چینی پیداوار اجلاس میں گفتگو
ملک میں چینی کا وافر سٹاک موجود ، صوبائی سطح پرارزاں نرخوں پر فروخت کے لیے فیئر پرائس شاپس قائم کی گئی ہیں، سمگلرز کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی،چینی کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے گی،صوبائی چیف سیکرٹریز کی بریفنگ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں چینی کی سپلائی اور قیمت کے کنٹرول کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں انہوں نے حکام کو چینی کی قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔رپورٹ کے مطابق اجلاس کو چینی کی پیداوار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں چینی کا وافر سٹاک موجود ہے، صوبائی سطح پر چینی کی ارزاں نرخوں پر فروخت کے لیے فیئر پرائس شاپس قائم کی گئی ہیں، چینی کی سمگلنگ مکمل ختم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات لیے جائیں گے اور سمگلرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔صوبائی چیف سیکرٹریز نے اجلاس کو بریفنگ دی کہ چینی کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے گی، اس حوالے سے انتظامیہ ضلع کی سطح پر مستعدی سے کام کرے گی۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو اشیائے خور و نوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، گذشتہ مہینوں میں حکومت نے چینی کی سمگلنگ پر سخت کارروائی کی جس سے چینی کی سمگلنگ کے خاتمے میں مدد ملی۔وزیراعظم نے چینی کی قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور چینی کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کی خلاف سخت کارروائی کرنے کا کہا۔وزیراعظم نے رمضان المبارک میں چینی اور دیگر اشیائے خور و نوش کی مناسب قیمتوں پر فراہمی کے حوالے سے حکمت عملی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر عام آدمی کو سستے داموں اشیائے خور و نوش کی فراہمی یقینی بنائیں۔شہباز شریف نے کہا کہ رمضان المبارک میں چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے کنٹرول کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار و قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین ، اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں موجود تھے۔