عالمی حالات، ذخائراور سپلائی چین کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے تاکہ بروقت اورمؤثر فیصلے کئے جاسکیں
اسلام آباد(بیورو رپورٹ)وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے بروقت منصوبہ بندی، متنوع درآمدی حکمت عملی اور متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطے کی بدولت عالمی اتار چڑھاؤ کے باوجود ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی مستحکم رہی ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے قائم کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملک میں توانائی کی فراہمی کی صورت حال اور عالمی سطح پر تیل اور گیس کی منڈیوں میں جاری تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں قومی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی آئندہ دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور شرکا کو بتایا گیا کہ خام تیل اور ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں، جنہیں درآمدی معاہدوں اور جاری پیداوار کی بدولت تقویت حاصل ہے‘وزیرخزانہ نے ہدایت کی عالمی حالات، ذخائراور سپلائی چین کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے تاکہ بروقت اورمؤثر فیصلے کیے جا سکیں۔