دھواں چھوڑنے پر 06 لاکھ 86 ہزار 691 گاڑیوں کے چالان کئے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر قیادت پنجاب پولیس کی سموگ کی روک تھام اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے صوبہ بھر میں کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اسی سلسلے میں رواں سال سموگ کے تدارک کیلئے جاری کریک ڈاؤن میں 1035 ملزمان گرفتار کیا گیا جن کے خلاف 1330 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔صوبائی دارالحکومت میں انسداد سموگ کاروائیوں میں 73 ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ 184 مقدمات درج ہوئے، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال صوبہ بھر میں شاہرات پر زیادہ دھواں چھوڑنے پر 06 لاکھ 86 ہزار 691 گاڑیوں کے چالان کیے گے،غیر معیاری فٹنس پر 152640 گاڑیوں کو تھانوں میں بند کیا گیا، زیادہ دھواں چھوڑنے پر 9993 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ معطل کیے گئے جبکہ شاہرات پر زیادہ دھواں اڑا کر ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کو کروڑوں روپے جرمانے بھی کئے گئے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شاہراہوں، انڈسٹریل ایریاز سمیت دیگر مقامات پر انسداد سموگ کریک ڈاؤن میں تیزی کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ ٹریفک پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرول شاہراہوں پر سموگ کا باعث بننے والی وہیکلز کے خلاف اقدامات میں تیزی لائیں، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سیف سٹی کیمروں کی مانیٹرنگ سے زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائیوں میں تیزی لائی جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس سموگ کے تدارک کیلئے محکمہ ماحولیات کو بھرپور تعاون فراہم کر رہا ہے، صوبہ بھر میں سموگ کا سبب بننے والی گاڑیوں، فیکٹریوں، کھیتوں میں آگ لگانے پر فوری کاروائیاں جاری ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ماحولیاتی تحفظ کیلئے اقدامات تیز کرنے کیلئے فیلڈ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ جلانے اور قانون شکنی کے مرتکب فیکٹری و بھٹہ مالکان کے خلاف زیرو ٹالرنس کے تحت سخت کاروائی کو یقینی بنایا جائے۔