لاہور (سپیشل رپورٹر)پنجاب میں سموگ سیزن سے قبل آلودگی کے پھیلا کیخلاف خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 441 اینٹوں کے بھٹوں اور 270 صنعتی یونٹس کی انسپیکشن کے دوران 21 بھٹے اور 16 صنعتی یونٹس مسمار کردیے گئے، جبکہ خلاف ورزیوں پر جرمانے، مقدمات اور سیل کرنے کی کارروائیاں بھی کی گئیں۔محکمہ ماحولیات پنجاب کے مطابق بھٹوں کے خلاف کارروائی میں 4 بھٹے سیل، 6 ایف آئی آرز درج اور 25 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ صنعتی یونٹس کے خلاف کارروائی میں 5 یونٹس سیل، ایک ایف آئی آر درج اور 16 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔پلاسٹک آلودگی کے خلاف 253 انسپیکشنز کے دوران 3 ہزار 145 کلوگرام پلاسٹک ضبط کرکے 26 مقامات سیل کیے گئے۔ باربی کیو اور کمرشل کچنز کے 52 مقامات کی چیکنگ کی گئی، جہاں 30 مقامات پر دھوئیں کے اخراج میں کمی کے لیے سکشن ہڈز نصب کیے گئے۔ڈی جی ماحولیات پنجاب عبداللہ نائیر شیخ کی ہدایت پر ڈرون اسکواڈ، نائٹ اسکواڈ اور ہاک آئی فیلڈ اسکواڈ کے ذریعے سموگ ہاٹ اسپاٹس اور آلودگی کے ذرائع کی 24 گھنٹے نگرانی جاری ہے