رواں سال،2971گینگزکے6516ملزمان پکڑے گئے

 گرفتارگروہوں سے 1ارب46کروڑ55لاکھ روپے سے زائدمالیت کا مال مسروقہ برآمدکیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے منظم جرائم میں ملوث گینگز کے خلاف جاری آپریشنزمیں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔اس ضمن میں لاہور پولیس نے رواں سال کے دوران 2971 گینگز کے 6516ملزمان کوگرفتارکیا ہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتارگروہوں سے 1ارب46کروڑ55لاکھ روپے سے زائدمالیت کا مال مسروقہ برآمدکیا گیا ہے۔جس میں بھاری مقدار میں نقدی، گاڑیاں اور دیگر قیمتی اشیاء شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے20کاریں، 3874موٹر سائیکلیں،119دیگر وہیکلز، 303تولے سونا،7282موبائل فون اور106لیپ ٹاپ بھی برآمدکئے گئے ہیں۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس متحرک گینگز کی گرفتاری کیلئے پوری طرح سرگرم ہے اورشہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ برآمد شدہ مال ِ مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کیا جا رہا ہے تا کہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔سی سی پی او لاہور نے پولیس افسران کو جرائم پیشہ گرہوں کے خلاف آپریشنز میں مزید تیزی لانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ قانون شکن عناصر کو قانون کے شکنجے میں لا کر قرار واقعی سزائیں دلوائی جارہی ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور پولیس عوام کے تحفظ کیلئے ہر محاذ پر سرگرم ہے۔