توڑپھوڑ،جلائو گھیرائوکیسز ،500پی ٹی آئی کارکنوں کی ضمانت

حماد اظہر ، مراد سعید ، اسلم اقبال سمیت کئی رہنمائوں کے وارنٹ گرفتاری جاری
عمران کی ضمانت، پراسکیوشن کودلائل کا آخری موقع،گنڈاپورکی گرفتاری کا حکم برقرار
راولپنڈی ،اسلام آباد ،لاہور(خصوصی رپورٹ)راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے صنم جاوید ،سیمابیہ اورچودھری تنویر اسلم سمیت پاکستان تحریک انصاف کے 500 رہنمائوں اورکارکنوں کی توڑ پھوڑ ، جلائو گھیراو اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمات میں ضمانت منظور کرلی جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف غیر قانونی اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں ان کی گرفتاری کا حکم برقراررکھاگیاہے۔لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانتوں پر پراسکیوشن کو دلائل کا آخری موقع دے دیا۔تفصیلات کے مطابق 8 ستمبر اور 5 اکتوبر کے احتجاج، گھیرائو جلائو کے مقدمات میں صنم جاوید ، مشعال یوسف زئی ،سمابیہ طاہر ،چودھری تنویر اسلم سمیت 500 کارکنوں کی17نومبرتک ضمانتیں منظور ہو گئیں۔ راولپنڈی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سماعت کی اور ضمانتیں منظور کئے جانے کے احکامات جاری کئے۔ عدالت نے تمام ملزموں کو ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔سینئر سول جج مبشر حسن چشتی کی عدالت نے غیر قانونی اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں وزیر اعلٰی ٰخیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے حکم دیاہے کہ وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کرانے کے لئے پشاور ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق عملدرآمد کیا جائے۔ دوران سماعت راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ نے کہاکہ علی امین گنڈاپور صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں سرکاری مصروفیات کے باعث عدالت پیش نہیں ہو سکتے،وہ قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں،آئندہ سماعت پر عدالت پیش ہو جائیں گے،پشاور ہائی کورٹ نے علی امین گنڈاپور کی 8 نومبر تک ضمانت منظور کر رکھی ہے۔عدالت کی ہدایت پر وکیل نے پشاور ہائیکورٹ کے آرڈر کی کاپی عدالت میں پیش کردی ،جس پر عدالت نے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے سماعت15 نومبر تک کیلئے ملتوی کردی۔ لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے عمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانتوں پر پراسکیوشن کو دلائل کا آخری موقع دے دیا۔عدالت نے قرار دیا کہ اگر آئندہ سماعت پر سپیشل پراسکیوٹر پیش نہ ہوئے تو ریکارڈ دیکھ کر فیصلہ ہو جائے گا۔ بانی پی ٹی آئی کی دوسرے جج کے پاس جلائو گھیرائو کے 8 مقدمات میں ضمانتوں کی درخواست پر کارروائی نہ ہوسکی اور سماعت پانچ اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے تمام کیسز نومبر کے مہینے میں حل ہو جائیں گے اور ضمانتیں مل جائیں گی۔بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی نے لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کیلئے درخواست دائر کردی ۔ انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے نو مئی کو جلائو گھیرائو کے مقدمات میں حماد اظہر ، مراد سعید ، میاں اسلم اقبال سمیت دیگر کئی رہنمائوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے اورسماعت 7نومبرتک ملتوی کردی۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے لاہور میں پانچ اکتوبر کے احتجاج کے دوران جلائو گھیرا ئوکے الزام میں بیرسٹر سلمان اکرم راجہ،افضال عظیم پاہٹ سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 23نومبر تک توسیع کردی۔ راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھر ی ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان کی کسی غیر ملکی وفد سے ملاقات نہیں ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ کسی قسم کی کوئی ڈیل نہیں ہو گی۔