آزادی مارچ کیس،عمران اسماعیل، شفقت محمود ودیگر کی بریت کی درخواستیں منظور
سزا اپیلوں کے خلاف پراسیکیوٹر کی مہلت منظور ،احتجاج میں مبینہ ہلاکتوں پر سماعت ملتوی
لاہور، اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) انسداد دہشت گردی عدالت نے مغلپورہ لاہور میں جلائو گھیرائو اور تشدد کے مقدمے میں سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی ضمانت منظور کر لی۔اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری پر فیصلہ سنایا۔عمرسرفراز چیمہ کی دیگر4مقدمات میں ضمانت پر کارروائی 25 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری سمیت دیگر کی نو مئی جلائو گھیرائو کے مقدمات میں سزائوں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران دو رکنی بنچ نے سپیشل پراسیکیوٹر منیر بھٹی کی مہلت کی استدعا منظور کرلی ،عدالت نے سپیشل پراسیکیوٹر منیر بھٹی اور درخواست گزاروں کے وکلا کو کل دلائل کیلئے طلب کرلیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ناصر جاوید رانا کی عدالت میں زیر سماعت 26 نومبراحتجاج میں مبینہ ہلاکتوں اور زخمیوں کے معاملہ میں پی ٹی آئی کیجانب سے دائر پرائیوٹ مہم پر سماعت ایک بار پھر بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی۔گذشتہ روز درخواست پر سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان کیجانب سے ایک بار پھر اپنا بیان ریکارڈ نہ کروایا گیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی کی عدالت نے حقیقی آزادی مارچ کیس میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، سابق وفاقی وزیر شفقت محمود ودیگر کی بریت درخواستیں منظور کرلیں۔گذشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے بریت درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، سابق وفاقی وزیر شفقت محمود کی بریت کی درخواستیں منظورکرکے بری کرنے کا حکم سنادیا۔ عدالت نے پی ٹی آئی کے متعدد کارکنوں کی بریت کی درخواستیں مستردکردیں، سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کر دی۔انسداددہشتگردی عدالت میں زیر سماعت پی ٹی آئی رہنماوں کیخلاف 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمہ میں فاضل جج کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ملتوی کردی گئی۔