اسرائیلی کمانڈوز کی لبنان میں دراندازی،طالب علم کو اغوا کر لیا

حزب اللہ کے اسرائیلی فوجی اینٹیلیجنس مرکز پر راکٹ حملے میں 11افراد زخمی ہوئے
بیروت،تل ابیب (آئی این پی ) اسرائیلی کمانڈوز نے لبنان کے شمالی علاقے بترون میں داخل ہوکر میری ٹائم سٹڈیز کے ایک طالب علم کو اغوا کرلیا جبکہ  حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی فوجی اینٹیلیجنس مرکز پر راکٹ حملے میں 11افراد زخمی ہوگئے ۔عرب ٹی وی کے مطابق اسرائیلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ میری ٹائم کے طالب علم کو حزب اللہ کی بحری کارروائیوں سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے اغوا کیا گیا ہے۔ دستیاب معلومات کے مطابق مغوی طالب علم کی شناخت عماد امہذ کے نام سے ہوئی ہے جو لبنان کے شمالی شہر بترون میں واقع میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ سے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں کہا نامعلوم عسکری فوج اپنے ہتھیاروں اور سامان کے ساتھ بترون کے ساحل پر اتری اور لبنانی شخص کو اغوا کر لیا۔لبنانی عسکری ذرائع اور واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے معلوم ہوتا ہے کہ آپریشن میں 20 سے 25 کمانڈو شامل تھے۔