23 ماہی گیروں کو بحفاظت بچانے پر پاک بحریہ کے مشکور ہیں:ایرانی سفیر

 اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے سمندر میں پھنسے 23 ایرانی ماہی گیروں کو بحفاظت بچانے پر پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میںایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ میں پاک بحریہ کی جانب سے ماہی گیروں کی کشتی کی مدد کے لئے اپیل پر فوری اور فعال ردعمل اور کھلے سمندر میں پھنسے ان 23 ایرانی ماہی گیروں کو بحفاظت بچانے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کو بین الاقوامی پانیوں میں ریسکیواور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کارروائیوں میں قریبی حمایت اور باہمی تعاون حاصل ہے۔