آئین آزادی اظہارِ رائے، آزادی صحافت اور معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے:عالمی دن پر پیغام
اسلام آباد(بیورو رپورٹ)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے آئین آزادی اظہارِ رائے، آزادی صحافت اور معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے ، حکومت اس کو یقینی بناتی ہے، امن کے علاوہ، تنازعات اور جنگ کے دوران صحافی اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر رپورٹنگ کے فرائض سر انجام دیتے رہتے ہیں،صحافیوں کے تحفظ کے بغیر آزادی ِصحافت ممکن نہیں ۔ وزیر اعظم آفس پریس ونگ کے مطابق صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں صحافی لوگوں کو باخبر رکھنے کیلئے دن رات مصروفِ عمل رہتے ہیں،بد قسمتی سے صحافیوں کو سچ بولنے کی پاداش میں مختلف خطرات، مصیبتوں اور صعوبتوں کو جھیلنا پڑتا ہے،امن کے علاوہ، تنازعات اور جنگوں کے دوران بھی صحافی اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر رپورٹنگ کے فرائض سر انجام دیتے رہتے ہیں۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ سچ کے داعی ان صحافیوں کو پابندیوں ، تشدد ، دھمکیوں، اغوا اور قتل جیسے خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں بین الاقوامی کنوینشنز کے باوجود درجنوں صحافیوں کو دانستہ قتل کر کے سچ کا راستہ روکا گیا،صحافیوں کے قتلِ عام پر اقوامِ عالم اور بین الاقوامی تنظیموں کو چاہئے کہ اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ صحافیوں کے تحفظ کے بغیر آزادی ِصحافت ممکن نہیں،ہماری حکومت نے صحافیوں کے تحفظ اور انکے حقوق کی پاسداری کیلئے ترجیحی اقدامات اٹھائے ہیں۔