بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام نے بے پناہ مشکلات، مصائب اور جبر کا سامنا کیا ہے‘ اس کے باوجود بنیادی حقوق کے لئے ان کی جرات، ثابت قدمی اور غیر متزلزل عزم میں کوئی کمی نہیں آئی:یوم سیاہ پر پیغام
شہباز شریف کا ساہیوال اور چیچہ وطنی کا دورہ ‘ سابق رکنِ قومی اسمبلی چودھری محمد اشرف ‘ سابق صوبائی وزیر ملک ندیم کامران ‘چودھری منیر اظہرکے اہلخانہ سے ملاقات‘ رہنماؤں کے انتقال پر اظہار تعزیت‘فاتحہ خوانی
اسلام آباد‘چیچہ وطنی(آن لائن‘نمائندہ حریف)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کشمیری سیاسی رہنماؤں، کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کی بدستور طویل قید باعثِ تشویش ہے۔ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کا قیام جموں و کشمیر کے تنازعے کے منصفانہ اور پُرامن حل کے بغیر ممکن نہیں۔ا یومِ سیاہ، جموں و کشمیرپر پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آج کا دن جموں و کشمیر کی تاریخ کے ایک المناک باب کی شروعات کی یاد دلاتا ہے جب 79 برس قبل بھارتی افواج سری نگر میں داخل ہوئیں۔ اُس کے اثرات آج بھی اس خطے پر تاریک سائے پھیلائے ہوئے ہیں۔ اُس روز سے اب تک جموں و کشمیر کے عوام کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں تسلیم شدہ، ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول سے محروم رکھا گیا ہے۔بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام نے بے پناہ مشکلات، مصائب اور جبر کا سامنا کیا ہے۔ اس کے باوجود اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے ان کی جرات، ثابت قدمی اور غیر متزلزل عزم میں کوئی کمی نہیں آئی۔ نسل در نسل دی جانے والی قربانیاں، آزادی، وقار اور انصاف کے حصول کے لیے ان کی مستقل جدوجہد کا روشن ثبوت ہیں۔شہبازشریف نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کے جائز سیاسی اظہار کو دبانے اور ان کی امنگوں کی ترجمانی کرنے والی آوازوں کو خاموش کرانے کی مکروہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ساہیوال کا دورہ کرتے ہوئے سابق رکنِ قومی اسمبلی چودھری محمد اشرف اور سابق رکنِ صوبائی اسمبلی و صوبائی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ملک ندیم کامران کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور دونوں رہنماؤں کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے مرحومین کی سیاسی و عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چودھری محمد اشرف اور ملک ندیم کامران نے اپنے حلقوں کے عوام اور جمہوریت کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی چیچہ وطنی میں سابق رکن قومی اسمبلی چودھری محمد منیر اظہر کی رہائش گاہ بھی آمدہوئی۔ مرحومین کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اور مرحومین کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔وزیراعظم نے کہا چودھری محمد حنیف اور چودھری محمد منیر اظہر نے ہمیشہ حلقے کے عوام اور جمہوریت کی خدمت کی