سندھ حکومت غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی آصف زرداری

پاکستان مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے ‘ پانی کی صفائی، الیکٹرک وہیکل بیٹری سسٹمز اور متبادل توانائی میں وسیع مواقع موجود ہیں
 پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت سرمایہ کاری کو فروغ دیں گے:صدر مملکت کی ہانگژو جن جیانگ گروپ کے سی ای او سے ملاقات میں گفتگو
 بیجنگ(آئی این پی )صدر مملکت آصف علی زرداری کے دورہ چین میں ہانگژو جن جیانگ گروپ کے سی ای او سے ملاقات ہوئی۔ جس میں توانائی، صنعتی اور زرعی شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا گیا۔صدر آصف علی زرداری سے چین کے دورے کے دوران ہانگژو جن جیانگ گروپ کے سی ای او نے ملاقات کی جس میں پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔کمپنی کی جانب سے صدر مملکت کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہانگژو جن جیانگ گروپ چین کے سو بڑے کاروباری گروپس میں شامل ہے اور پہلے ہی پاکستان میں متعدد منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے اور پانی کی صفائی، الیکٹرک وہیکل بیٹری سسٹمز اور متبادل توانائی میں وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت سرمایہ کاری کو مزید فروغ دیا جائے گا