بالوڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک وائرل ہونے والی خبر کو جعلی اور من گھڑت قرار دیا ہے۔
اس خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اگر کانگریس کے رہنما راہول گاندھی بی جے پی میں شامل ہو جاتے ہیں، تو وہ کنگنا سے شادی کرنے کے لیے تیار ہیں۔ یہ خبر ایک میم کے ذریعے پھیلائی گئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ اگر یہ صورتحال پیش آتی ہے تو اداکارہ ان سے شادی کرنے کے لیے تیار ہیں۔ بعد میں بعض حلقوں نے اس پوسٹ کو حقیقی بیان سمجھتے ہوئے اسے مزید وائرل کیا، جس سے یہ خبر عوام میں تیزی سے پھیل گئی۔جب یہ خبر کنگنا رناوت کے علم میں آئی تو انہوں نے فوری ردعمل دیا اور اسے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے جعلی قرار دیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کی جھوٹی اور گمراہ کن خبریں نہ صرف ان کی ساکھ کے لیے نقصان دہ ہیں بلکہ خواتین کی عزت و وقار کو بھی مجروح کرتی ہیں۔
کنگنا نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ سیاست میں بھی خواتین کے لیے عزت اور وقار کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، اور ایسے بے بنیاد دعوے پھیلانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ معلومات پر یقین کرنے کے بجائے تصدیق شدہ ذرائع سے ہی خبریں لیں۔یہ واقعہ سوشل میڈیا پر جعلی خبریں اور غلط فہمیوں کے تیزی سے پھیلاؤ کی ایک اور مثال ہے، جو نہ صرف شخصیات کے لیے بلکہ عوامی رائے کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔