بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت ایک بار پھر اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے باعث خبروں میں آگئی ہیں، جس میں انہوں نے ایک نامعلوم اداکارہ کے لباس اور اندازِ گفتگو پر طنزیہ تبصرہ کیا ہے۔
کنگنا رناوت نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی کو جسمانی ساخت کی بنیاد پر شرمندہ نہیں کرتیں، تاہم اسی پوسٹ میں انہوں نے ایک اداکارہ کے بدلتے ہوئے انداز پر تنقید کی۔اداکارہ نے لکھا کہ ایک اداکارہ ان دنوں ایسے لباس پہنتی ہیں اور اس انداز میں گفتگو کرتی ہیں جیسے "جیب کترا" ہو، جبکہ وہ احتجاج کرنے والوں کے رویے کی حمایت بھی کر رہی ہیں۔کنگنا نے مزید کہا کہ مذکورہ اداکارہ ماضی میں زیادہ باوقار انداز میں لباس پہنتی اور گفتگو کرتی تھیں، تاہم اب ان کے انداز میں نمایاں تبدیلی آ گئی ہے۔ انہوں نے اداکارہ کو اپنے اسٹائل پر توجہ دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں مدد کی ضرورت ہو تو وہ تعاون کے لیے تیار ہیں۔
کیا کنگنا کا اشارہ سوناکشی سنہا کی جانب تھا؟
کنگنا نے اپنی پوسٹ میں کسی اداکارہ کا نام نہیں لیا، تاہم سوشل میڈیا صارفین نے قیاس آرائیاں شروع کر دی ہیں کہ ان کا اشارہ سوناکشی سنہا کی طرف ہو سکتا ہے۔یہ قیاس آرائیاں اس لیے سامنے آئیں کیونکہ سوناکشی سنہا نے حال ہی میں دہلی کے جنتر منتر پر ہونے والے طلبہ احتجاج سے متعلق سوشل میڈیا پر ویڈیوز شیئر کی تھیں، جن میں انہوں نے طلبہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا اور جین زی کی تعریف کی تھی۔صارفین کے مطابق کنگنا کی جانب سے لباس اور احتجاج کی حمایت سے متعلق اشارے ممکنہ طور پر سوناکشی سنہا سے متعلق ہو سکتے ہیں، تاہم کنگنا نے اس حوالے سے کسی اداکارہ کا نام واضح طور پر نہیں لیا۔