پی ایس ایل فائنل: کوشل پریرا کا رن آؤٹ فیصلے پر غصہ، ناہید کی رکاوٹ کے باوجود برابری کی جدوجہد

پی ایس ایل فائنل: کوشل پریرا کا رن آؤٹ فیصلے پر غصہ، ناہید کی رکاوٹ کے باوجود برابری کی جدوجہد

حیدرآباد کنگزمین کے سری لنکن بیٹر کوشل پریرا، ناہید رانا کے سامنے آنے کے باوجود رن آؤٹ قرار دیے جانے پر غصہ میں آگئے۔

اگرچہ ناہید رانا کی توجہ مکمل طور پر گیند پر تھی اور انہوں نے بیٹر کو نہیں دیکھا، مگر پریرا کو ان کی وجہ سے رفتار سست کرنی پڑی اور بچتے ہوئے رن مکمل کرنے کے لیے بھاگے۔انہوں نے کریز تک پہنچنے کے لیے ڈائیو بھی لگائی، مگر اتنے قریب رن میں نینو سیکنڈز کا فرق بھی فیصلے پر اثر ڈال سکتا تھا، اور یہی ہوا۔  ان کے بلے اور کریز کا فاصلہ نہ ہونے کے برابر تھا، مگر گیند وکٹ پر جالگی اور اسٹمپس اڑ گئیں۔فیلڈامپائر کرس گیفنی نے تھرڈ امپائر الیکس وارف سے مشورہ کیا، اور دونوں بیٹرز فیصلہ کا انتظار کرنے لگے۔بریسویل اور بابراعظم بھی امپائرز کے پاس پہنچے، اور طویل جائزے کے بعد تھرڈ امپائر نے پریرا کو رن آؤٹ قرار دے دیا۔  
پریرا اس فیصلے پر کافی برہم دکھائی دیے، اور غصے سے سر ہلاتے ہوئے میدان سے باہر چلے گئے۔حیدرآباد کنگزمین کے کپتان مارنس لبوشین بھی ناخوش نظر آئے اور امپائر سے بات کی، مگر فیصلہ ان کے حق میں تبدیل نہ ہوا۔