انتخابی اصلاحات میں تمام جماعتوں کو برابری کی نمائندگی دی جائے، بیرسٹر گوہر

انتخابی اصلاحات میں تمام جماعتوں کو برابری کی نمائندگی دی جائے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے انتخابی اصلاحات کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو برابری کی بنیاد پر نمائندگی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی نظام میں بہتری کے لیے تمام فریقین کو ساتھ لے کر چلنا ضروری ہے۔

ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی صحت پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ سپریم کورٹ کا حکم بھی موجود ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا مناسب علاج معالجہ کیا جائے، شفا اسپتال میں علاج کی سہولت فراہم کی جائے اور اس مقصد کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔

عمران خان کی صحت اور علاج پر تحفظات ہیں، بیرسٹر گوہر
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی اور ذاتی معالج سے ملاقات بھی عدالتی حکم کا حصہ ہے۔ اگر ان تمام ہدایات پر عمل درآمد کیا جاتا ہے تو ہی پارٹی اور اہل خانہ کو اطمینان حاصل ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سابق وزیراعظم، ایک بڑے سیاسی رہنما اور قیدی کی حیثیت سے بھی علاج معالجے اور اہل خانہ سے ملاقات کے حق دار ہیں۔ ان کی صحت کے معاملے کو سیاسی اختلافات سے بالاتر رکھنا چاہیے۔

عمران خان سے فیملی اور وکلا کی ملاقات کا مطالبہ
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی، بہنوں اور وکلا سے ملاقاتیں ہونی چاہئیں۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقاتیں بھی ضروری ہیں، تاہم یہ ایک الگ معاملہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ کل لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی، جبکہ پارٹی کے دیگر وکلا بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کے لیے جائیں گے۔

بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ پارٹی کا نہیں، بیرسٹر گوہر
چیئرمین پی ٹی آئی نے بانی عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اکاؤنٹ پارٹی کا نہیں ہے۔ سلمان اکرم راجہ پہلے ہی عدالت کو اس حوالے سے آگاہ کرچکے ہیں اور آئندہ سماعت پر بھی عدالت کو دوبارہ وضاحت پیش کردی جائے گی۔

القادر کیس میں 25 نومبر کو پیش ہوں گے
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ 25 نومبر کو القادر کیس میں عدالت کے سامنے پیش ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں انصاف ملنا چاہیے اور انصاف ہوتا ہوا بھی نظر آنا چاہیے۔