لاہور میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی، دو ملزم گرفتار

سبزہ زار پولیس کی کارروائی، 3 کلو چرس برآمد، دونوں ملزمان ریکارڈ یافتہ نکلے
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور میں منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ایس پی اقبال ٹائون سدرہ خان کی ہدایت پر سبزہ زار پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں راشد اور علی حیدر شامل ہیں، جو سابقہ ریکارڈ یافتہ اور علاقے میں بدنام زمانہ تھے۔ ملزم راشد کو شاہ فرید چوک جبکہ علی حیدر کو 80 فٹ روڈ سے حراست میں لیا گیا۔ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 3 کلو گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔ دونوں کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ایس پی اقبال ٹائون سدرہ خان نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او سبزہ زار بشارت گورائیہ اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔