کرپشن اور مافیا کلچر پاکستان کے مسائل کی جڑ ہیں، حافظ نعیم الرحمان

دیر بالا(مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے  کرپشن اور مافیا کلچر پاکستان کے مسائل کی جڑ ہیں، جنہوں نے ملک کو اپنے شکنجے میں جکڑ رکھا ہے۔دیر بالا میں جلسے سے خطاب میں  انہوں نے کہا  25 کروڑ عوام پر چند لوگوں نے اپنی اجارہ داری قائم کر رکھی ہے۔ چند خاندان مختلف ناموں، مختلف جماعتوں اور مختلف نعروں کے ساتھ بار بار اقتدار میں آتے ہیں، آئی پی پیز، گیس، چینی اور آٹا مافیا نے پاکستان کا گھیرائو کر رکھا ہے۔ پیٹرول کی لیوی غریب عوام ادا کرتے ہیں، ناجائز طریقے سے 160 روپے لیوی لی جا رہی ہے۔ موٹر سائیکل چلانے والے سال میں 550 ارب اور تنخواہ دار طبقہ سالانہ 650 ارب روپے کا ٹیکس دیتا ہے۔ بڑے کسان اور جاگیر دار سالانہ صرف 10 سے 12 ارب روپے ٹیکس دیتے ہیں، یہ ٹیکس معاف کراتے ہیں اور ایک دوسرے کا تحفظ کرتے ہیں۔انہوںنے کہا  عدالتی نظام بغیر سفارش اور دولت کے انصاف فراہم نہیں کرتا، غریب عوام حصول انصاف کا خواب بھی نہیں دیکھ سکتے۔