برطانیہ میں گزشتہ 4 ماہ کے بعد پہلی مرتبہ گروسری کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے متوسط اور غریب گھرانوں کے لیے روزمرہ کی ضروریات مہنگی ہو گئی ہیں۔
مارکیٹ ریسرچ فرم ورلڈ پینل کے اعداد و شمار کے مطابق گروسری کی افراط زر میں 4.3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔افراط زر کے باعث تازہ غیر پروسیس شدہ گوشت، سکن کیئر، چاکلیٹ کنفیکشنری، ٹھنڈے مکھن، اسپریڈز، گھریلو کاغذ اور چینی جیسی روزمرہ اشیاء مہنگی ہو گئی ہیں، جس سے صارفین براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔توانائی کے بھاری بلز اور رہائش کے اخراجات کے ساتھ یہ اضافہ لوگوں میں تشویش بڑھا رہا ہے۔ ورلڈ پینل کے مطابق پہلے سے تیار کردہ مکسز کی فروخت میں ہفتہ بہ ہفتہ 114 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ جو لوگ اپنا بیٹر تیار کرتے ہیں، انہیں گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 4 تا 6 فیصد زیادہ ادائیگی کرنی پڑ رہی ہے۔