لاہور میں شدید گرمی کے باعث بجلی کی کھپت میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے لیسکو کے ترسیلی نظام پر واضح دباؤ بڑھ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہر میں درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ ہی بجلی کی طلب تیزی سے بڑھ کر 3500 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ لیسکو کی جانب سے 3420 میگاواٹ تک لوڈ لے کر نظام کو چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس صورتحال کے باعث کمپنی کو اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع کرنا پڑی ہے۔لاہور شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ بڑھ کر تقریباً 3 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، خصوصاً دن کے اوقات میں جب گرمی کی شدت زیادہ ہوتی ہے۔رپورٹ کے مطابق درجہ حرارت میں اضافے کے باعث صرف ایک دن میں لیسکو کی طلب میں تقریباً 600 میگاواٹ تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اگرچہ کچھ علاقوں میں سولر سسٹمز کے ذریعے بجلی کی پیداوار بھی جاری ہے، اس کے باوجود مجموعی طلب میں اضافہ برقرار رہا۔مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ رات کے دوران لیسکو کے سسٹم پر بجلی کی مجموعی ڈیمانڈ 4700 میگاواٹ تک پہنچ گئی، جو موجودہ انفراسٹرکچر کے لیے ایک بڑا دباؤ تصور کیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آئندہ دنوں میں لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں مزید اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔