بریفنگ مخصوص ارکان کو نہیں پوری پارلیمنٹ کو دی جائے: قائد حزب اختلاف

خطے کے حالات خطرناک ہیں لہٰذا پارلیمنٹ کواعتماد میں لیا جائے، آج  حکومت کو فیصلے سے آگاہ کر دیں گے: محمود خان اچکزئی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے خطے کی صورت حال پر ان کیمرہ بریفنگ کے لیے دعوت پر اپوزیشن کا مؤقف سامنے آ گیا ہے اور محمود خان اچکزئی نے کہا ہے بریفنگ مخصوص ارکان کو نہیں بلکہ پوری پارلیمنٹ کو دی جائے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود اچکزئی نے سکیورٹی بریفنگ پارلیمنٹ میں دینے کا مطالبہ کر دیا اور کہا کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے کوئی بریفنگ بلائی ہے، ہمارا مؤقف ہے کہ بریفنگ مخصوص ارکان کو نہیں پوری پارلیمنٹ کو دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کہا گیا کہ یہ بات آپ وہاں وزیراعظم کے سامنیکر دیں تو میں نے کہا ہے کہ ساتھیوں سے مشورہ کریں گے۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ بہتر ہو گا بریفنگ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس یا کم از کم سینیٹ میں دیں، خطے کے حالات خطرناک ہیں لہٰذا پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے۔قائد حزب اختلاف نے کہا آج  صبح تک حکومت کو فیصلے سے آگاہ کر دیں گے۔