گھر بیٹھے جنگلی حیات کے مشاہدے سے لطف اندوز ہونے کیلئے 360 ڈگری ورچوئل چڑیا گھر بنایا جائے گا
جنگلی جانور اور پرندے فطرت میں توازن برقرار رکھنے میں مدد کرتے ہیں:جنگلی حیات کے عالمی دن پر پیغام
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نواز نے جنگلی حیات کو زمین پر حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ جنگلی حیات کے عالمی دن پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے خصوصی پیغام میں میں جنگلی حیات کے تحفظ اور بقاء اور فروغ کے لئے تاریخی اقدامات پر اظہار اطمینان کیا ہے۔ پنجاب میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے اختراع اقدامات کئے گئے۔ جس کے مطابق پنجاب حکومت نے غیر قانونی شکار اور غیر قانونی ملکیت کے لئے پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ 1974 اور پروٹیکٹڈ ایریاز ایکٹ میں تاریخی ترامیم منظور کی اور وائلڈ لائف ہیلپ لائن 1107 مکمل طور پر فعال ہے۔جنگلی حیات کی شوٹنگ لائسنس، امپورٹ ایکسپورٹ اور شکار پرمٹ، بریڈنگ فارم رجسٹریشن کی آن لائن سہولت دی جارہی ہیں۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے آرٹی فیشل انٹیلی جنس بیسڈ جانور شماری کا سسٹم نافذ کیا گیا۔ ریسکیو کیے گئے جانوروں کی نگرانی کے لئے پہلی مرتبہ جی پی ایس اور کالر ٹریکر سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔ سفاری چڑیا گھر لاہور میں تھری ڈی سکرین،جانوروں کے مجسمے اور دیگر خوبصورت اختراعات آویزاں کر دی گئی ہیں۔پنجاب کے پہلے وائلڈ لائف ہسپتال کا 80فیصد تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا۔ ہسپتال میں ہر جانور کے لئے سپیشلسٹ وٹرنری ڈاکٹرز تعینات کیے جائیں گے۔ سفاری زو میں 7D وائلڈ لائف سینما بھی تکمیل کے قریب پہنچ گیا ہے۔ پنجاب حکومت جلد ہی شہریوں کے لئے گھر بیٹھے جنگلی حیات کے مشاہدے سے لطف اندوز ہونے کے لئے 360 ڈگری ورچوئل چڑیا گھر بھی بنانے جارہی ہے۔چھانگا مانگا،اوچھالی، چشمہ بانسرا گلی زوالوجیکل گارڈن اور مری ڈائیورسٹی پارک کی تعمیر و تزئین جاری ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ مقید جانوروں اور پرندوں کورکھنے کے لئے رہائشی سٹینڈرڈ کا تعین شاندار اقدام ہے۔