غیر ملکی وفود کو ویزا کی سہولت دی جائیگی، رواں سال بھی ائیر پورٹس پر سپیشل کاؤنٹر قائم کرینگے‘ سالانہ اجتماع کے انعقاد میں بھی وزارت داخلہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا
وزارت داخلہ کے بے پایاں تعاون کے باعث اس بار ویزوں کا کوئی ایشو نہیں ہوا،ہم سب کو آپ کی وجہ سے بہت زیادہ سہولت ملی،غیر ملکی اکابرین نے بھرپور تعاون پر محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا
لاہور(آن لائن)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے رائیونڈ میں عالمی تبلیغی مرکز کا دورہ کیا اورتبلیغی جماعت کے اکابرین مولانا امجد فاروق۔ مولانا عامر۔ انوار غنی۔ امتیاز غنی۔ مولانا مدثر شاہین اور دیگر سے ملاقات کی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھارت اور بنگلہ دیش سے آئے اکابرین سے بھی ملاقات کی ۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے دین اسلام کی سربلندی کے لیے تبلیغی جماعت کے اکابرین کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔غیر ملکی اکابرین نے ویزوں کے اجراء میں بھرپور تعاون پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا ۔ غیر ملکی اکابرین نے کہا کہ وزارت داخلہ کے بے پایاں تعاون کے باعث اس بار ویزوں کا کوئی ایشو نہیں ہوا۔ہم سب کو آپ کی وجہ سے بہت زیادہ سہولت ملی۔ اللہ تعالٰی آپ کو انسانیت کی خدمت کی مزید توفیق دے۔ بنگلہ دیش کے اکابرین نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو بنگلہ دیش میں عالمی تبلیغی اجتماع میں شرکت کی دعوت دی ۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سالانہ اجتماع کے انعقاد میں بھی وزارت داخلہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا،غیر ملکی وفود کو ویزا کے حصول میں مکمل سہولت فراہم کی جائے گی،رواں سال بھی ائیر پورٹس پر سپیشل کاؤنٹر قائم کیے جائیں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام کی تبلیغ کیلئے سہولت اور آسانی فراہم کرنا ہمارا فرض ہے اور ثواب کا کام ہے، دین اسلام کی تبلیغ میں تبلیغی جماعت کے اکابرین کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر امت مسلمہ کے اتحاد۔ شر و باطل کے خاتمے اور حق و سچ کی سر بلندی کے لئے دعا کرائی گئی ۔پاکستان کی سلامتی۔ ترقی۔ خوشحالی اور امن کے لئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔