جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے ریسکیو آپریشن شروع

قدرتی آفات میں جانور سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، مریم اورنگزیب
لاہور ( کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر وائلڈ لائف رینجرز نے سیلاب زدہ اضلاع میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں وازئلڈ لائف ریسکیو ٹیموں کو خصوصی ایمبولینس اور ویٹرنری ڈاکٹرز فراہم کر دیے گئے ہیں تاکہ بروقت جانوروں کا طبی معائنہ اور علاج ممکن بنایا جا سکے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس کے ساتھ ساتھ ویٹرنری کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں جانوروں کی فوری دیکھ بھال اور علاج معالجہ کیا جا رہا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ سیلابی پانی میں جنگلی جانوروں کو محفوظ بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور عوام کو ہر مرحلے پر اعتماد میں لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں کی زندگیاں بھی اتنی ہی قیمتی ہیں جتنی انسانی جانیں، یہی وجہ ہے کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر تمام محکمے مل کر اس مشن میں مصروف عمل ہیں تاکہ کسی جان کو نقصان نہ پہنچے۔ ریسکیو آپریشن کے دوران مختلف اضلاع میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئیں۔ 26 اگست کو سیالکوٹ میں سیلابی پانی میں بہہ کر سرحد پار سے آنے والے ہرن کے جوڑے کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔ 27 اگست کو نارووال سے زخمی اور حاملہ مادہ ہرن کو بروقت بچا کر طبی سہولت فراہم کی گئی، جبکہ اسی روز شکر گڑھ سے ایک نابالغ نر ہرن کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ مزید براں 28 اگست کو مریدکے، وزیرآباد اور منڈی بہاو?الدین میں تین نر و مادہ ہرن الگ الگ کارروائیوں میں ریسکیو کیے گئے۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ 29 اگست رات 10 بج کر 35 منٹ تک مجموعی طور پر 7 ہرن ریسکیو کیے جا چکے ہیں اور یہ سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قدرتی آفات میں جانور سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، ان کی حفاظت حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہے۔ ہم آنے والی نسلوں کے لیے جنگلی حیات کے اس ورثے کو محفوظ بنا رہے ہیں، یہ ہماری اخلاقی اور آئینی ذمہ داری ہے