لاہور (زیڈ این این) سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات پنجاب کیپٹن (ر) طاہر ظفر عباسی کی ہدایات پر چیف وائلڈلائف رینجر مبین الٰہی کی قیادت میں صوبہ بھر میں جنگلی حیات کے تحفظ اور فروغ کے لیے بلا تعطل کارروائیاں جاری ہیں۔ان کارروائیوں کے نتیجے میں وائلڈلائف رینجرز نے ضلع جہلم کے مختلف علاقوں میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران جنگلی خرگوش کے غیرقانونی شکار اور جنگلی پرندوں کی غیرقانونی تجارت میں ملوث تین ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے خلاف وائلڈلائف ایکٹ کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر ایک لاکھ پچاسی ہزار روپے محکمانہ معاوضہ (جرمانہ) عائد کر کے کیس موقع پر نمٹا دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر جہلم (ہیڈکوارٹرز) مرزا عابد حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائیاں کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔ محکمہ وائلڈلائف کے مطابق ایسی کارروائیاں جنگلی حیات کے تحفظ، غیرقانونی شکار کی روک تھام اور ماحولیاتی توازن کے قیام کے لیے ناگزیر ہیں، جبکہ قانون شکن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔