ہر ماں کی صحت، بچے کا تحفظ ، خاندان کی ترقی ہمارا قومی فرض :آصفہ بھٹو

تولیدی صحت، تعلیم اور سماجی تحفظ میں سرمایہ کاری ہی مضبوط قوم کی بنیاد ہے،یوم آبادی پرپیغام
اسلام آباد(آئی این پی ) خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہر ماں کی صحت، ہر بچے کا تحفظ اور ہر خاندان کی ترقی ہمارا قومی فرض ہے، ہماری توجہ اس بات پر مرکوز رہنی چاہیے کہ ہر ماں صحت مند ہو، ہر بچہ محفوظ ہو، اور ہر خاندان کو ترقی کرنے کا موقع ملے۔ یوم آبادی 2025کے موقع پر پیغام میںآصفہ بھٹو نے کہاپاکستان کو زچگی کی صحت، بچوں کی فلاح و بہبود، اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے سنگین چیلنجز درپیش ہیں، تولیدی صحت، تعلیم اور سماجی تحفظ میں سرمایہ کاری ہی مضبوط قوم کی بنیاد ہے۔ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، مکمل طبی سہولیات، معاشی مواقع اور اپنی زندگیوں سے متعلق فیصلوں میں شراکت داری حاصل ہو۔آصفہ بھٹونے کہانوجوانوں کو بااختیار بنانا ایک پرامن اور پائیدار پاکستان کی تعمیر کے لیے ضروری ہے۔