9 مئی :شاہ محمود ودیگر رہنمائوں پر ترمیمی فرد جرم عائد

دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر عمر ایوب، عامر ڈوگر کے وارنٹ گرفتاری
 24 نومبر کا احتجاج ، 56 کارکنوں کی ضمانت منظور،22 کا فیصلہ محفوظ
 لاہور، اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)لاہور انسداد دہشتگری عدالت جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے تین مقدمات پر سماعت عدالت نے تین مقدمات میں شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنوں پر ترمیمی فرد جرم عائد کر دی۔انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں سما عت کی ملزموں نے ترمیمی فرد جرم کی صحت جرم سے انکار کیا۔شاہ محمود قریشی ،عمرسرفراز چیمہ اور ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر زیر حراست ملزموں کی حاضری مکمل کی گئی۔ عالیہ حمزہ ،صنم جاوید اور خدیجہ شاہ سمیت دیگر ملزمان پیش ہوے عدالت نے چھ مارچ کو گواہان کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر لیا پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان ہر بغاوت اور کارکنان کو فسادات پر اکسانے کا الزام ہے۔ادھر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے عمر ایوب اور تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے بیرسٹر گوہر خان، عمر ایوب و دیگر کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مقدمات کی سماعت کی۔عدالت نے دوران سماعت عمر ایوب، عامر ڈوگر اور عامر مغل کے عدم حاضری پر وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے جبکہ شعیب شاہین اور بیرسٹر گوہر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔عدالت میں بیرسٹرگوہر خان کی جانب سے حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی گئی تھی۔دوران سماعت ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر آج بھی دلائل نہیں ہو سکے، جس پر عدالت نے سماعت 23 اپریل تک ملتوی کر دی۔جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد گوندل کی عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمات میں گرفتارپی ٹی آئی کے 22 کارکنان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمات میں گرفتار پی ٹی آئی کے 56 کارکنان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظورکرلی۔کارکنان کیخلاف تھانہ ترنول اور کوہسار میں مقدمات درج ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے سابق سکیو رٹی انچارج عمر سلطان کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پٹیشنر کا نام سفری پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنا بلا جواز اور غیر قانونی ہے۔جسٹس محمد آصف کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے سابق سیکورٹی انچارج عمر سلطان کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔پشاور ہائیکورٹ نے سینیٹر فیصل جاوید کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کرنے پر وفاق سے رپورٹ طلب کرلی۔